پی پی 167 لاہور میں امیدواروں کے درمیان فائرنگ،چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس،انکوائری کا حکم


اسلام آباد(صباح نیوز)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 167 لاہور میں دو امیدواران کے گروپوں کے درمیان فائرنگ اور تشدد کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے،آئی جی پنجاب سردار علی خان کو کسی سیاسی وابستگی کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 167 لاہور میں دو امیدواران کے گروپوں کے درمیان فائرنگ اور تشدد کے واقعات کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے، چیف الیکشن کمیشنر  نے معاملہ پر سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کو ہدایت دی ہے کہ وہ پنجاب کے آئی جی سردار علی خان سے فوری رابطہ کریں،

چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ کسی سیاسی وابستگی کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر آئی جی پنجاب واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائیں، آئی جی پنجاب کو واقعہ کی شفاف انکوائری کروا کر رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرنے کی ہدایت بی دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخابات کو صاف او ر شفاف بنانے کیلئے ہدایت دی ہے کہ پنجاب کے آئی جی اور انتظامیہ انتخابات کے دنوں میں گن کلچر ، تشدد اور تخریب کار عناصر سے سختی سے نمٹیں، اس حوالے سے زیرو ٹالیرنس پالیسی رکھیں اور کسی قسم کی نرمی نہ برتیں،  ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا حکم جاری کیا گیا ہے۔