جنگ کے اسباب ختم کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ فہیم کیانی


برمنگھم (صباح نیوز)تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے کہاہے کہ جنگ کے اسباب ختم کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا،انسانی آزادیوں کو سلب اور انسانی حقوق پامال کرنے سے مسائل پیدا ہورہے ہیں،کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ مسائل حل ہوںگے تو دنیا میں امن قائم ہوگا،تہذیبی اور ٹکنالوجی کی ترقی سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے،تہذیبوں کے تصادم کی بجائے ڈائیلاگ سے مسائل حل ہوسکتے ہیں،ملک اور معاشرے احترام باہمی کے رشتے استوار کریں تو دنیا امن کا گہوارہ بن جائے گی،اپنا حق لینے کی بجائے دوسرے کے حق کو غصب کرنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں،

ان خیالات کااظہارانھوں نے وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہاکہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کی جدوجہد کررہے ہیں،عالمی برادری نے کشمیریوں سے یہ عہد کررکھاہے کہ وہ ان کو حق دلائے گی کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ رائے سے کریں،ہندوستان اگر اپنے عہد سے منحرف ہوا ہے تو عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوستان کومجبور کرے کہ وہ اپنا عہد پورا کرے،ہندوستان کشمیریوں کو یہ حق دے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں،کشمیرکے اندر کلی محلے کے انتخابات رائے شماری کا متبادل نہیں ہیں،دنیا کو اس حقیقت کا ادراک کرنا ہوگا۔

انھوں نے کہاکہ اورسیزکشمیری صبح آزادی تک کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ رہیںگے،کشمیریوں نے اپنے حق کے لیے پانچ لاکھ شہداء پیش کیے ہیں ان کو آزادی کی منزل سے اب کوئی دور نہیں رکھ سکتا۔ہندوستان طاقت کی بنیاد پر کشمیریوںکو غلام نہیں رکھ سکتا۔