حکومت نے کشمیر کا سودا کرنے کے بعد اب کلبھوشن کو این آر او دیا ہے، سینیٹر مشتاق احمد


اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد نے کہا  ہے کہ حکومت نے کشمیر کا سودا کیا ہے اب کلبھوشن آج این آر او دیا ہے اور اس حوالے سے ہماری ترامیم کو نہیں سنا گیا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ہمراہ واک اوٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں سوگ ہے، چند دن پہلے سری نگر سے دبئی کے لیے پروازیں شروع کی تھی اور اب کلبھوشن کو این آر او دے دیا ہے۔

رہنما ء جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، حکومت نے کشمیر کا سودا کیا ہے، تحریک آزادی کشمیر کی پیٹھ پر چھرا گھونپا ہے، مودی کی یاری اور دوستی کا ثبوت پارلیمنٹ میں دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ای وی ایم ڈیجیٹل دھاندلی کا منصوبہ ہے، جو حکومت پارلیمنٹ کے اندر ڈیجیٹل ووٹنگ اپنے پپارلیمنٹیرین کی نہ کراسکے، جو ایف بی آر کے ڈیٹا کو محفوظ نہ کرسکے، جو نیشنل بینک آف پاکستان کو محفوظ نہ کرسکے وہ 22 کروڑ عوام اور 15 کروڑ ووٹرز کے لیے ای وی ایم کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ یہ فراڈ ہے، الیکشن کمیشن کے اختیارات اٹھا کر انتظامیہ اور نادرا کو دینا، ای وی ایم کے ذریعے مستقل کے ووٹ چوری کرنے کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نہیں سناگیا حالانکہ اپوزیشن کی درجنوں ترامیم تھیں، قانون کے نام پر سب سے بڑی لاقانونیت حکومت اور اسپیکر نے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ پارلیمانی اپوزیشن نے آج جس طرح ایک اتحاد کامظاہرہ کیا ہے، ہم آئندہ بھی اس حکومت کی الیکشن چوری کرنے، مودی اور بھارت سے یاری کی جتنی بھی کوششیں ہوں گی، تحریک آزادی کشمیر کو سبوتاژ کرنے کی جتنی بھی کوششیں ہوں گی، اس کے خلاف متحدہ اپوزیشن اسی طرح، اتحاد کا مظاہرہ کرے گی۔