اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت دیگرملزمان پر ایک مرتبہ پھر نوری آباد پاور پلانٹ کرپشن کیس میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت8 دسمبر تک ملتوی کردی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے سید مراد علی شاہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نوری آباد پاور پلانٹ کرپشن کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ دو ملزمان خرابی صحت کی بنیاد پر عدالت میں پیش نہ ہوسکے جس کی وجہ سے دیگر ملزمان پر بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ نیب کی جانب سے دوران سماعت نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ایک شریک ملزم کی جانب سے بری کرنے کی درخواست پر جواب جمع کردادیا گیا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت آٹھ دسمبرتک ملتوی کردی
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہویے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے حوالہ سے اسلام آباد کے صحافیوں کو زیادہ پتہ ہو گا لیکن یہ باتیں کراچی تک آرہی ہیں اور یہ ہم بھی سن رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا میرا نہیں خیال کہ عمران خان کی حکومت ملک کو آئینی طریقہ سے چلا سکتی ہے، اگر یہ حکومت ملک کو آئین کے طریقہ سے نہیں چلا سکتی تو پھر اس کے جانے کا وقت آگیا ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ یہ جلد جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نااہل اور ناسمجھ لوگوں کا ایک مجمع جمع ہو گیا ہے ۔حکومت کا نہ آئین کی سمجھ ہے اور نہ کسی قانون کی سمجھ ہے۔
سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جب وزیر اعظم عمران خان کو کوئی پریشانی ہوتی ہے تو لوگوں کوادھر، اُدھر سے بلالیتے ہیں اور ابھی بھی یہ ہو رہا ہے ، میں نے سنا ہے کہ فون کالز جارہی ہیں اور آرہی ہیں ، کہا ہے مجھے بچائے، نہیں بچاتے تو پھر میں تو ڈوبوں گا، صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ٹائپ کی بچگانہ حرکتیں اس وزیر اعظم صاحب کے دور میں ہو رہی ہیں جو نہ کبھی پہلے سنیں نہ دیکھیں، اللہ کرے آگے نہ دیکھیں جو انہوں نے ماحول پیدا کیا ہے۔ یہ ان کے آخری دن ہیں اور یہ صاف نظر آرہا ہے، میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ یہ جو ہوائیں اسلام آباد میں چل رہی ہیں ان کا اثر کراچی میں سمجھ آرہا ہے، یہ بوکھلا گئے ہیں اور ملک کے لوگ بھی ان کو اورزیادہ نہیں چلنے دیںگے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس وزیر نے کُٹ کی بات کی ہے یہ ایسی ہی باتیں کرکے کراچی سے بھاگ کر اسلام آباد آگیا، صحافی اس سے نہ ڈریں یہ کھوکھلا آدمی ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پوری عوام سے اشارہ مل رہا ہے کہ موجودہ حکومت سے ہماری جان چھڑاؤ، پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان کے عوام اور اپنے ووٹرز کے اشارے پر چلتی ہے اوران کا اشارہ یہ ہے کہ ان سے جان چھڑواکر ہمیں نجات دلائیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر کی مردم شماری درست نہیں کی گئی، ہم نے مردم شماری کا معاملہ پارلیمنٹ میں بھی اٹھایا تھا، مردم شماری کو 29 مئی کوچیلنج کیا تھا، سندھ کی آبادی درست طریقے سے اعداد و شمار میں نہیں لکھی گئی۔