یاسین ملک کیخلاف بھارتی عدالت کے غلط فیصلے کی سختی سے مذمت کرتا ہوں، بلاول بھٹو


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہندوستانی عدالت کے یاسین ملک کے خلاف بے بنیاد الزامات پر غلط فیصلے کی سختی سے مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ یاسین ملک مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنمائوں میں ایک نمایاں اور عزت مندانہ آواز ہیں،

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ یاسین ملک کا دہائیوں سے جاری ہندوستانی جبر کے خلاف پختہ عزم نام نہاد انصاف پر مبنی فیصلوں سے شکستہ نہیں کیا جاسکتا، ہم یاسین ملک کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں،

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یاسین ملک کے خلاف جو بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں، انہیں ختم کیا جائے، یاسین ملک کو فی الفور رہا کیا جائے اور انہیں اجازت دی جائے کہ وہ اپنے خاندان سے مل سکیں

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کو چاہئیے کہ وہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی غیرمعمولی خلاف ورزیوں کو بند کرے۔