مظفرآباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد کے زیر اہتمام یاسین ملک کی ممکنہ غیر قانونی سزا کیخلاف احتجاجی مظاہر اور ریلی کا انعقاد کیا گیا ،مظاہرے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ،فضا نعروں سے گونج اُٹھی، یاسین ملک کو رہا کرو،انصاف دوانصاف دو یاسین ملک کو انصاف دو کے نعروں سے گونجتی رہی ، نریندر مودی کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔
مرکزی ایوان صحافت سے گیلانی چوک تک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی، قائمقام امیر آزادجموںوکشمیر وگلگت بلتستان شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ ،امیر ضلع محمد لطیف عباسی ،صدر جے آئی یوتھ خالد محمود زیدی ،سیکرٹری ضلع سید عبدالصمد ایڈووکیٹ ،امیر ضلع اپرنیلم مولانا الطاف کشمیری، امیر حلقہ کوٹلہ راجہ حسیب خان، امیر شہر شیخ منظور،امیر حلقہ کھاوڑہ راجہ آفتاب ،ناظم حزب المجاہدین اعظم غازی سمیت دیگر نے خطاب کیا،
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یاسین ملک اور دیگر کشمیری قیدیوں کے خلاف بھارت کی متعصب عدالتوں کے تمام غیر قانونی اقدامات اور فیصلوں کو مسترد کرتے ہیں، یاسین ملک کو آزادی اور حقوق مانگنے کے جرم میں بھارت جھکانا چاہتا ہے بھارتی ظالم متعصب عدلیہ کے ظالمانہ فیصلوں کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں.
جموں و کشمیر کے عوام بھارتی حکمرانوں کو انتباہ کرتے ہیں کہ یاسین ملک سمیت دیگر کشمیری قیدیوں کے خلاف غیر انسانی رویوں اور ظالمانہ فیصلوں سے باز آ جائیں بھارت تمام تر جبر کے باوجود کشمیری عوام آزادی اور حقِ خود ارادیت کے مطالبے سے دستبردار ہوئے ہیں نہ کبھی ہوں گے۔
حکومت آزادکشمیر اپنی مراعات کو فوراً واپس لیتے ہوئے بجٹ کا نصف حصہ تحریک آزادی کیلئے واقف کرے ۔حکومت پاکستان باہمی چپلقش کو ختم کرتے ہوئے قومی اتحاد قائم کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر اور بالخصوص یاسین ملک کی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کرے، چئیرمین تحریک انصاف عمران خان آزادی مارچ کو کشمیر مارچ کا نام دے کل کا دن کشمیریوں کے نام کریں، اقتدار کی جگہ ہر وقت لڑی جاتی ہے مگر اس وقت مقبوضہ کشمیر کے بیٹوں اوربیٹیوں پر بھارتی عدالتیں انسانیت سوزو سلوک کررہی ہیں۔
این آئی اے کی تحقیقات یاسین ملک کے حوالے سے بے بنیاد ہیں اس کی بنیاد پر قائم کیے گئے مقدمات سراسر خلاف حقائق ہیں ،یاسین ملک کیس میں جملہ انوٹسٹی گیشن یکطرفہ کی گئی ہے ،آزادی مانگنا ہر شخص کا فرض ہے یاسین ملک کو آزادی مانگنے کی پاداش میں جملے مقدمات قائم کیے گئے ہیں، یاسین ملک کشمیریوں کے مسلمہ قائد ہیں اُن کے اوپر مقدمات قائم کرنا ہندوستان حکومت وجمہوریت اور عدلیہ کے اوپر بہت بڑا بدنماداغ ہے۔
ہم ان تمام جملہ الزامات کو مسترد کرتے ہیں اور اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان پر دباؤ بڑھاتے ہوئے یاسین ملک کی فوری رہائی اور بے بنیاد مقدمات ختم کروائے جائیں اگر یاسین ملک کو کوئی تکلیف پہنچائی تو کوئی کشمیری خاموش نہیں بیٹھے گا۔
ہمارے وکیل کی خاموشی کی وجہ سے بھارت آج کشمیریوں پر ظلم وستم کررہا ہے ،مقررین کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے اس سے قبل بھی حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، اشرف صحرائی، افضل گورو اور مقبول بٹ کو غیر قانونی طور پر شہید کیا اب یاسین ملک کی جان لینے کے در پے ہے جو اس بار کوئی بھی غیرت مند کشمیری قبول نہیں کرئے گا۔
اُن لوگوں کو مسئلہ کشمیرکے حوالے سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، اگر اُن لوگوں کو مسئلہ کشمیر کے ساتھ کوئی دلچسپی ہوتی تو 73سال کشمیری اس طرح لاوراث نہ ہوتے ۔اُن کے اپنے عزائم ہیں اُن کی اپنی کرسی کی جنگ ہے اُن لوگوں کو کشمیریوں کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں چاہیے کوئی کشمیری مرے، کھپے ہم پاکستان کی کسی ایک جماعت بشمول آزادکشمیر جماعت کی بات نہیں کرتے ہم برملا یہ کہہ سکتے ہیں کہ کشمیر کے ساتھ کوئی مخلص نہیں ہے اگر کشمیر کے معاملات پر ان لوگوں کو اتحاد ہوتا تو آج یہ نوبت نہ آتی۔
پاکستان کے حکمرانوں کو اگرکشمیر کاز کے لئے مخلص ہوتے تو پاکستان میں اقتدار کے لیے احتجاج کی کال نہیں دیتے یہ کال کیا اس سے قبل بھی کشمیریوں کو بیچا گیا ہے۔ہم پاکستان کے حکمرانوں کی اقتدار کے احتجاج کی کال پر کوئی تبصرے نہیں کرنا چاہتے کیونکہ ان حکمرانوں کو کشمیر کاز سے کوئی سروکار نہیں ان کے عزائم کچھ اور ہیں۔
ہندوستانی حکومت آزادی کے متوالوں کو یکطرفہ اور غیر قانونی ٹرائل کے تحت کچلنا چاہتی ہے، تحریک آزاد ی کشمیر کے ممتاز رہنما یسین ملک کی بھارتی عقوبت خانوں میں غیر قانونی و غیر انسانی حراست قابل مذمت ہے۔ اقوام متحدہ سمیت تمام انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری قائدین اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حق خودرادیت دلانے میں کردار ادا کریں۔ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور کشمیری قیدیوں پر ظلم و ستم کو روکنے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرے۔