اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے ممتاز حریت ر ہنما محمد یاسین ملک کو دہشت گردی کے جعلی مقدمے میں ملوث کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے مثال بہادری و حریت کی علامت اور ضمیر کے قیدی یاسین ملک کے خلاف بھارتی ہتھکنڈہ مسترد کرتے ہیں ، یہ کشمیریوں کو جھکانے کی ناکام کوشش ہے۔
ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہباز شریف نے سوموار کے روز جاری بیان میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بہادر کشمیریوں کو ان کی بے مثال جدوجہد پر سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس مقصد کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں ۔
عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر حل کرائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔