اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے روپے کی قدر میں گراوٹ کے معاملے پر گورنر اسٹیٹ بینک کو طلب کرلیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ کے معاملے پر ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کمیٹی کو مطمئن نہ کرسکے۔کمیٹی نے مہنگائی کے معاملے پر اسٹیٹ بینک اور وزارتِ خزانہ سے بریفنگ طلب کرلی۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن)کے احسن اقبال نے کہاکہ ابھی تو اسٹیٹ بینک مجوزہ خودمختاری بل بھی نہیں آیا اور گورنر صاحب کمیٹی میں نہیں آتے۔کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک کو طلب کرلیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 40فیصد سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ جولائی سے ابھی تک روپے کی قدر میں 10فیصد زائد کمی آئی ہے۔