مولوی محمد فاروق،خواجہ عبدالغنی لون کی برسی پر کل مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی جائے گی


 سری نگر۔۔۔۔ کشمیری آزادی پسند رہنماں میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کی برسیوں کی یاد میں کل 21 مئی کو مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے جس کا مقصد مقبوضہ علاقے اور بھارت کی مختلف جیلوں میں بند حریت رہنماوں اور کارکنوں کی غیر قانونی نظربندی کے خلاف احتجاج اور تحریک آزادی کے حوالے سے ان کے عزم وہمت کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف کل احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ لوگ مزار شہداعید گاہ جائیں گے اور شہدا کی قبروں پر فاتحہ خوانی کریں گے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے عائمہ کرام اور خطبا سے کہا کہ وہ مساجد میں پانچ وقت کی نمازوں کے موقع پر شہداکو بھر پور خراج عقیدت پیش کریں۔

نامعلوم مسلح افراد نے میر واعظ مولوی محمد فاروق کو 21 مئی 1990 کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر گولی مار کر شہید کر دیا تھا، اسی روز سرینگر کے علاقے حول میں ان کے جنازے کے جلوس پر بھارتی فوجیوں کی اندھا دھند فائرنگ سے ستر سوگوار شہید ہو گئے تھے۔

بارہ سال بعد 21 مئی 2002 کو نامعلوم حملہ آوروں نے خواجہ عبدالغنی لون کو اس وقت شہید کر دیا تھا جب وہ سری نگر کے شہداقبرستان میں ایک اجتماع سے خطاب کے بعد واپس جا رہے تھے