رانا شمیم جواب کے ساتھ پیش ہوں گے،بیٹا احمد حسن


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے بیٹے احمد حسن رانا ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ان کے والد کا موقف یہ ہے کہ وہ اپنے بیان حلفی پر اسٹینڈ کرتے ہیں اور وہ اب جواب کے ساتھ پیش ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد حسن رانا نے کہا کہ رانا شمیم کا بیٹا بھی ہوں اوراب خوش قسمتی سے ان کا وکیل بھی ہوں، کیس ملتوی ہوکر26 نومبر تک چلا گیا، اب رانا شمیم جواب کے ساتھ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا نے ایک ٹی وی ٹاک شو میں الٹا سیدھا بولا، انہوں نے کہا کہ رانا شمیم کے بیٹے کو نوازا گیا اور ایڈووکیٹ جنرل بنایا، میں کبھی بھی ایڈووکیٹ جنرل نہیں رہا بلکہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل رہا ہوں، آپ ریکارڈ اٹھاکردیکھ سکتے ہیں کہ 6 مہینے میں میرا کام کیسا رہا، آپ کو پتا چلے گا کہ میں میرٹ پربھرتی ہوا تھا یا پرچی پر۔

احمد حسن رانا نے کہا کہ یہ انکوائری طلب معاملہ ہے اورسپریم جوڈیشل کونسل میں جانا چاہئے، سپریم جوڈیشل کونسل میں شہادتیں ریکارڈ ہوں، جو حق پر ہے وہ سرخرو ہوجائیگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے والد کا موقف یہ ہے کہ وہ اپنے بیان حلفی پر اسٹینڈ کرتے ہیں۔