اسلام آباد(صباح نیوز)سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو لانے والے اپنی غلطی کا اعتراف کررہے ہیں اور ان کی حکومت پانچ سال پورے نہیں کرے گی۔
احتساب عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے رانا شمیم سے متعلق سوال پر کہا کہ ہم پہلے ہی یہ راستہ دیکھ چکے ہیں، جسٹس قیوم کیساتھ سیف الرحمان اور کچھ دوستوں کی ٹیپ تھی۔
آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان کی حکومت مدت پوری نہیں کریگی، ان کو لانے والے اب اعتراف کررہے ہیں کہ ان سے غلطی ہوگئی، اب وہ اس غلطی کو کیسے ٹھیک کریں یہ اللہ کو بہتر معلوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نوازمیری بیٹیوں جیسی ہیں، ان کی درخواست سے متعلق بات نہیں کروں گا۔
قبل ازیں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے نیویارک پراپرٹی کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت قبل ازگرفتار ی منظور کر لی۔