کراچی ،کھارادر دھماکے کی رپورٹ تیارکر لی گئی


کراچی(صباح نیوز)کراچی کے علاقے کھارادر میں بولٹن مارکیٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی رپورٹ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تیار کرلی گئی ۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس)کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات بولٹن مارکیٹ کے قریب ہوا دھماکا آئی ای ڈی بلاسٹ تھا، جس میں چار سے 5 کلو بارودی مواد استعمال ہوا، جو موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد کے ساتھ بال بیئرنگ بھی استعمال کئے گئے، دھماکے سے پولیس موبائل کے سامنے کا حصہ تباہ ہوا۔ بی ڈی ایس کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات بولٹن مارکیٹ دھماکے میں 1 رکشہ اور 5 موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات کراچی کے علاقے کھارادر میں بولٹن مارکیٹ کے قریب ہوئے دھماکے میں 1خاتون جاں بحق اور 16افرادزخمی ہوئے تھے۔

کھارادر کے علاقے نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کے عقب میں واقع بمبئی بازار میں موٹر سائیکل بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کو سپرد خاک کردیا ہے ،جاں بحق ہونے والی خاتون گارڈن شو مارکیٹ کی رہائشی تھی، خاتون گھر میں دوپٹے کی تیاری اور کپڑوں کی سلائی کا کام کرتے تھی

واقعہ کے وقت وہ دوپٹوں کی سپلائی دینے مارکیٹ آئی تھی۔جاں بحق ہونے والی 30 سالہ خاتون 4 بچوں کی ماں تھی سب سے بڑی تقریبا 14 سال کی بیٹی ہے، مرحومہ کا شوہر علاقے میں میڈیکل سٹور پر ملازمت کرتا ہے

مرحومہ کی نماز جنازہ گھر کے قریب مسجد میں ادا کی گئی،نماز جنازہ میں قریبی رشتہ داروں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی، میوہ شاہ قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

واضح رہے کہ بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکے میں خاتون جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے تھے، دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا تھا اور دھماکے کی جگہ پر ساری کپڑے کی دکانیں تھیں