الخدمت پورے ملک میں خدمت و دیانت کی علامت ہے۔ حافظ نعیم الرحمن


کراچی(صباح نیوز) الخدمت کراچی کے تحت الحبیب آرکیڈ مین کلفٹن روڈ بلاک 7تین تلوار پر قائم الخدمت لیبارٹری و میڈیکل سروسز سینٹر کا افتتاح کردیا گیا ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سینٹر کا افتتاح کیا اور افتتاحی تقریب سے خطاب کیا ۔

تقریب سے چیف ایگزیکٹیو الخدمت کراچی نوید علی بیگ، الخدمت ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک سروسز ڈاکٹر عظیم، ڈی ایچ او ساوتھ ڈاکٹر محمد احمد قاضی، ڈائریکٹر الخدمت میڈیکل سروسز ڈاکٹر  ثاقب انصاری ، نائب امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور، ڈائریکٹر الخدمت کمیونٹی سروسز قاضی سید صدر الدین ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر الخدمت کی ڈائریکٹرپروجیکٹ ڈاکٹر نائلہ طارق ، جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،پبلک ایڈ کمیٹی کے سیکریٹری نجیب ایوبی ، لیاقت عبد اللہ و دیگر بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساؤتھ سمیع اللہ نے بھی میڈیکل سینٹر کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں کی جان بچانا اور ان کے کام آنا بہت بڑی خدمت ہے۔ الخدمت پورے پاکستان میں خد مت و دیانت کی علامت ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت سماجی خدمات کاپورا نظام ہے۔ الخدمت تعلیم، صحت، پانی،کفالت یتامی، آغوش ہومز سمیت دیگر شعبہ جات  میں کام کررہی ہے۔ آج کلفٹن میں ڈائیگنوسٹک سینٹر کاافتتاح کیا گیا ہے۔ الخدمت کے اسپتالوں اور سینٹرز میں ماہر اور بہترین مرد و خواتین ڈاکٹروں کی نگرانی میں لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ مخیر حضرات جانتے ہیں کہ اگر ہم الخدمت کو پیسے دیں گے توہمارا پیسہ پوری دیانت داری کے ساتھ خرچ ہوگا۔ جماعت اسلامی کے رضاکار امانت اور دیانت داری کے ساتھ الخدمت کا نظام چلا رہے ہیں۔ جب ایسے لوگوں کے پاس شہر کی قیادت آتی ہے تو نعمت اللہ خان جیسے لوگ شہر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرتے ہیں۔ کراچی کے عوام شہر کے معاملات چلانے کے لیے امانت دار قیادت کا انتخاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی گرما گرمی میں کوئی حکمرانوں سے سوال کرنے والا نہیں ہے کہ تھرپارکر میں کیا کام کیا۔ الخدمت نے تھرپارکر میں ڈھائی ہزار کنویں کھدوائے ہیں۔ الخدمت کے رضاکار شدید گرمی میں بھی چولستان میں بھی کام کررہے ہیں۔ سندھ حکومت بتائے کہ صحت کے 170 بلین روپے کا بجٹ کہاں خرچ ہورہا ہے۔ جب الخدمت اتنا بڑا کام کرسکتی ہے تو سرکاری ادارے کیوں نہیں کرسکتے۔ اس لیے شہریوں کو سوچنا چاہیئے کہ ہمارے ملک کا نظام ایسے لوگوں کے ہاتھ جو عوام کے وسائل عوام پر خرچ کریں۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت واٹر فلٹر پلانٹ سے  1 روپے فی لیٹر پانی دیا جاتا ہے۔ پورے پاکستان میں 20 آغوش ہومز موجود ہیں۔ وہ بچے جو یتیم ہیں انہیں ہر ماہ مخصوص رقم دی جاتی ہے۔ عید و تہوار کے موقع پر شاپنگ کروائی جاتی ہے۔ ڈاکٹر محمد احمد قاضی نے کہا کہ  مجھے انتہائی خوشی ہوئی کہ الخدمت کے تحت صحت کے حوالے سے اتنا بڑا کام ہورہا ہے۔الخدمت کی لیبارٹریز میں استعمال ہونے والی مشینیں جدید اور انتہائی معیاری ہیں۔ کرونا جیسی بیماری کا ٹیسٹ بھی الخدمت کی لیبارٹریز میں انتہائی سستی قیمت پر کیا جارہا ہے۔ ڈسٹرکٹ ساوتھ میں ڈائریا بہت زیادہ ہے اور ڈائریا سے بچنے کے لیے صاف پانی بہت ضروری ہے۔بڑی اچھی بات ہے کہ الخدمت کے تحت انتہائی کم قیمت پر صاف پانی مہیا کیا جارہا ہے۔ میں چاہوں گا کہ الخدمت کے ساتھ مل کر کام کروں۔

سفیان دلاور نے کہا کہ  جماعت اسلامی اور الخدمت کی پوری ٹیم کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے الخدمت سینٹر قائم کیا۔ الخدمت  کے تحت مزید بھی سینٹر قائم کیے جائیں گے تاکہ مناسب قیمت پر صحت کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ کراچی کے مخیر حضرات کے تعاون سے خدمت کا کام جاری رہے گا۔

ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہاکہ  سینٹر کے قیام کا مقصد سفید پوش افراد کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔الخدمت کم فیسوں کی وجہ سے معیار کم نہیں کرتی بلکہ اعلی معیار کی سہولیات کو برقرار رکھتی ہے ۔ الخدمت کے پاس اعلی معیار کے ڈاکٹرز موجود ہیں اور انتہائی کم قیمت میں عوام کی خدمت کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر عظیم نے کہا کہ  ہیلتھ کے حوالے سے ساوتھ میں کوئی میڈیکل سینٹرموجود نہیں تھا۔ الخدمت کے تحت تمام ٹیسٹ معیاری اور قیمت انتہائی مناسب رکھی گئی ہیں۔