پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس (بدھ کو )ہوگا، فواد چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز)  وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے انتخابی اصلاحات سے متعلق اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ( بدھ کو) طلب کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم ، مسلم لیگ(ق)اور دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین نے ملاقات کی جس میں انتخابی اصلاحات، انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی گئی اور اتحادی جماعتوں کے تحفظات کو دور کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور شہباز گل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے رانا شمیم کو گلگت بلتستان میں چیف جسٹس لگایا تھا، ن لیگ نے ہمیشہ عدالتوں کو متنازع بنایا، اخبار کی طرف سے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیااور اخبار نے جس جج کا نام لیا وہ بینچ میں ہی نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے عدالتی نوٹس لینے کے بعد پریس کانفرنس کی۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ اجلاس بدھ والے دن دوپہر 12 بجے ہو گا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اتحادیوں کے جواب وزیر اعظم نے خود دئیے ہیں اور آج صبح سے ہی وزیر اعظم ہائوس میں کافی کام ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ق ہمارے ساتھ ہیں۔