جماعت اسلامی کا بد ترین لوڈشیڈنگ ،پانی بحران کے خلاف مظاہروں کا اعلان


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی  پرکے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کے خلاف  جماعت اسلامی کے تحت جمعہ13مئی کو شہر بھر میں سینکڑوں مقامات پر مظاہرے کیے جائیں گے ،48گھنٹوں میں لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی گئی تو کے الیکٹرک کے خلاف ہیڈ آفس پر دھرنا دیا جائے گا ۔ حقوق کراچی تحریک کو مزید تیزکیا جائے گا،پہلے ہی کراچی میں پانی کا بڑا بحران اور مسئلہ ہے اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے ، وفاقی وزیر خرم دستگیر کے اعلان کے مطابق یکم مئی سے پورے ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم کردی گئی ہے ، وفاقی وزیر بتائیں کہ کیا کراچی پاکستان کا حصہ نہیں ہے ؟ وفاقی و صوبائی حکومتیں اورتمام حکمران جماعتیں کراچی کے مسائل کو حل ہی نہیں کرنا چاہتی ہیں اس لیے کراچی کے عوام کو چاہیئے حقیقی اور دیانت دار قیادت کا ساتھ دیں ، تمام حکمران پارٹیوں نے کے الیکٹرک کی حمایت کی ہے لیکن جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف ہمیشہ آواز اُٹھائی ہے اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کی ترجمانی کی ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک سے42ارب روپے جو کلاء بیک کی مدمیں وصول کیے گئے انہیں کراچی کے صارفین کو واپس دلوائے جائیں ، اس کا 17سال کا فارنزکٹ آڈٹ کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امراء کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، انجینئر سلیم اظہر،رکن سندھ اسمبلی و امیر ضلع جنوبی سید عبد الرشید ، کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے نگراں عمران شاہد ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ اس وقت شہر میں شدید گرمی اور ہیٹ ویوز جاری ہیں لیکن اس کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے12سے14گھنٹے کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے  ان میں وہ علاقے بھی شامل ہیں  جنہیں کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ کہتی ہے ،کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کو ایک مرتبہ پھر کے الیکٹرک کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا ہے،

  انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف نیپرا کے اجلاس میں بھی آواز اُٹھائی او ر کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کا مقدمہ لڑا لیکن بدقسمتی  وفاقی و صوبائی حکومتیں اور حکمران پارٹیاں کے الیکٹرک کی سہولت کار بنی ہوئی ہیں اور مسلسل سبسیڈی فراہم کی جارہی ہے ،جب کے ای ایس سی پرائیوٹائز ہوا تھا تو اس وقت کراچی کے صارفین کی تعداد 18لاکھ تھی اور اب 36لاکھ ہوچکی ہے،کے ای ایس سی کو پرائیوٹ اس لیے کیا گیا تھا کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہوگی نیشنل گرڈ سے بجلی نہیں لی جائے گی ،2004میں کے ای ایس سی9340ملین یونٹ بجلی پیدا کرتی تھی اور اب 17سال گزرنے کے بعد صرف 17فیصد بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا جوکہ 10938ملین یونٹ بنتے ہیں ،2005میں مینٹی نینس کے اخراجات 4210ملین تھے جوکہ اب 17سال گزرنے کے بعد66641ملین ہوگئے ہیں ،کے الیکٹرک نے مینٹی نینس چارجز میں 1300فیصد اضافہ کیا ہے ، کے الیکٹرک کا منافع 220فیصد بڑھ گیا لیکن کراچی میں لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوئی اور نہ ہی اووربلنگ ختم کی گئی بلکہ تیز میٹر لگادیے گئے ہیں اور عوام کو لوٹا جا رہا ہے ،نیپرا’ کے الیکٹرک اور حکومت کا اتحاد بنا ہوا ہے ،کے الیکٹرک وفاق کے تحت ہے ، نواز لیگ ،پیپلزپارٹی ،پی ٹی آئی اورایم کیو ایم وفاق میں حکومت کرتی رہی ہیں لیکن انہوں نے ہمیشہ کے الیکٹرک کو سپورٹ کیا اورکراچی کے عوام کو کوئی سہولت نہیں دی گئی ،ہمیں بتائیں کہ 66641ملین روپے مینٹی نینس کے نام پر کہاں خرچ کیے جارہے ہیں ؟

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی بدترین کارکردگی اس بات کی علامت ہے کہ گزشتہ 17سال میں تمام حکومتوں نے کے الیکٹرک کو مکمل سپورٹ کیا ،انہی حکمرانوں اور بدقسمتی سے کراچی سے مینڈیٹ لینے والی پارٹیوں کی سپورٹ سے ہی ایک پرائیویٹ کمپنی نے شہر میں مافیا کی شکل اختیار کرلی ہے ،گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے اور اب میٹرک کے طلبہ کے امتحانات بھی ہونے والے ہیں ،طلبہ کس وقت پڑھائی کریں گے ، گھروں میں خواتین ، بچے ، بزرگ ،فیکٹریوں اور کارخانوں میں کام کرنے والا مزدور اور دوکانوں میں کام کرنے والے شہری بد ترین صورتحال سے دوچار ہیں،

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سندھ اسمبلی کے باہر 29دن کا تاریخی دھرنا دیا اور کراچی کے میئر کو بااختیار کرنے کی تحریک چلائی لیکن اب ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی ایک ہوگئے ہیں اور ایک بار پھر کراچی کو بااختیار نہیں کرنا چاہتے ،ہمارا واضح مؤقف ہے کہ جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے کی ایک ایک شق عمل عمل کیا جائے اور سندھ اسمبلی سے قانون پاس کروایا جائے ۔