اداروں میں ٹکراؤ اوراشتعال انگیز بیانات قومی مفاد میں نہیں ہیں،محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی تبدیلی بذریعہ انتخابات پریقین رکھتی ہے،کراچی تا کشمور سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیکر اہلیان سندھ کواہل ،دیانتدار، مخلص قیادت کے انتخاب کا موقعہ دیں گے۔اداروں میں ٹکرائو اوراشتعال انگیز بیانات قومی مفاد میں نہیں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کندھکوٹ میں جماعت اسلامی ضلع کشمور کی ضلعی مجلس شوریٰ وذمے داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں،حکمت عملی اور نامزدامیدواروں پر غور کیا گیا۔صوبائی نائب امیرو ناظم انتخابات ممتازحسین سہتو ،نائب امیرحافظ نصراللہ چنا،جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ، نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی ،امیرضلع آغاعبدالفتاح پٹھان ودیگر ذمے داران بھی ساتھ موجود تھے۔

صوبائی امیر نے کہاکہ آج کے دورمیں الیکشن جھاد سے کم نہیں یہ اپنی دعوت وپیغام عوام تک پہنچانے کا بھی بڑا ذریعہ ہیں۔انہوں نے کارکنان پر زوردیاکہ وہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپورحصہ اورمال ووقت کی قربانی اورایثار کا مظاہرہ کریں۔