سری نگر: شوپیاں، پلوامہ، بارہمولہ، راجوری اور پونچھ اضلاع میں بھارتی فوج نے نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ بھارتی فورسزنے اتوار کی رات سرینگر کے علاقے جمالٹہ میں گھروں میں گھس کر مکینوںکو ہراساں کیا۔
علاقے میں فوجی آپریشن ایک حملے میں ایک پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کے بعد شروع کیا گیا۔نواہ کدل میں پولیس کی ایک پارٹی پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔ زخمی اہلکار کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بھارتی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔سی آرپی ایف اور پولیس کی مزیدکمک نے موقعہ پر پہنچ کرگھرگھرتلاشی کارروائی شروع کی۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں ہزاروں اضافی فوجی تعینات کرکے علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجی کشمیریوں کو شہیدکررہی ہیں ، انہیں تشدد کا نشانہ بنارہی اور گرفتارکررہی ہیں جس سے مقبوضہ جموںوکشمیر کرہ ارض کا سب سے زیادہ فوجی جماوالا علاقہ بن گیا ہے۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں اضافی فورسز دستوں کے آنے کے بعد تلاشی کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ سی آر پی ایف کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ سری نگر میں بھارتی فورسز اہلکار روزانہ 15 ہزار لوگوں کی ناکوں پر تلاشی لیتے ہیں جبکہ 7 سے 8 ہزار گاڑیوں کی بھی تلاشی لی جارہی ہے