آئندہ سماعت پر جواب نہ آیا تو کیس کا فیصلہ کر دیں گے،الیکشن کمیشن


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے یوسف رضا گیلانی نااہلی کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر جواب نہ آیا تو کیس کا فیصلہ کردینگے ۔

سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے خلاف ویڈیوسکینڈل اور نااہلی کیس کی سماعت ممبر الیکشن کمیشن شاہ محمد جتوئی اور ناصر درانی پر مشتمل 2 رکنی کمیشن نے الیکشن کمیشن میں کی۔ممبر بلوچستان الیکشن کمیشن نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی اور ان کے بیٹے نے جواب جمع کرانا تھا، معاون وکیل نے بتایا کہ علی حیدر کے وکیل ہائیکورٹ میں مصروف ہیں جبکہ یوسف رضا گیلانی کی جانب سے بھی التوا کی استدعا کی گئی ۔

ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار درانی نے کہا کہ نہ درخواست گزار ہیں اور نہ ہی جواب دہندہ ہے، ممبر بلوچستان شاہ محمدنے کہا کہ اس طرح تو یہ کیس لٹکا ہی رہے گا، اس پر معاون وکیل نے کہاکہ عدالت مہلت دے تو جواب جمع کرا دیں گے۔الیکشن کمیشن بلوچستان کے ممبر نے کہا کہ آئندہ سماعت پر جواب نہ آیا تو کیس کا فیصلہ کر دیں گے۔اس موقع پر الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔