گیس ،چینی کے بعد قوم آٹے بحران کے لئے تیار رہے،شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر ،سینیٹرشیری رحمان نے کہا کہ گیس اور چینی کے بعد قوم آٹے بحران کے لئے تیار رہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ گیس اور چینی کے بعد قوم اب آٹے کے بحران کے لئے تیار رہے۔ تباہی سرکار کو پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن نے پہلے ہی خبردار کر دیا ہے۔ اب سردیوں میں لوگوں کے پاس نہ گیس ہوگی، نہ ہی پکانے کے لئے آٹا۔ اس حکومت کی نااہلی کی سزا عوام کو مل رہی۔ کیا آٹے بحران کا الزام بھی اپوزیشن پر ڈالو گے؟

انہوں نے کہا کہ فلور ملز ایسوسی ایشن سراپا احتجاج ہے۔ ملز کو کہا جا رہا ہے کہ وہ خود گندم خریدے، حکومت خود کوئی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ۔ حکومت بحران بنا کر کے مافیاکے لئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔ پہلے ہی ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کے تھیلے پر 80 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔