نور مقدم اور ملزم ظاہر جعفر کی سی سی ٹی وی ویڈیو فوٹیج نشر کرنے پر پابندی


اسلام آباد(صباح نیوز)۔پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا کے نگران ادارے پیمرا نے نور مقدم اور ملزم ظاہر جعفر کی سی سی ٹی وی ویڈیو میڈیا پر نشر کرنے سے روک دیا ہے۔

 پیمرا کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 کے تحت نور مقدم اور ظاہر جعفر کی سی سی ٹی وی فوٹیج چلانا منع ہے۔

نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج چلانا بند کر دیں، احکامات کی پابندی نہ کرنے کی صورت میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکشن 29, 30 اور 33 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ سنیچر کو سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نور مقدم ظاہر جعفر کے گھر سے باہر جانے کے لیے گیٹ پر آتی ہیں تاہم سکیورٹی گارڈ انہیں باہر نہیں جانے دیتا اور وہ ڈر کے مارے سکیورٹی گارڈ کے کیبن میں چھپ جاتی ہیں۔