قانون سازی عمل کیلئے فیصلہ اپوزیشن کی سٹیئر نگ کمیٹی کریگی،شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف وپاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قانون سازی عمل کیلئے فیصلہ اپوزیشن کی سٹئیرنگ کمیٹی کریگی، مہنگائی زدہ عوام کو حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔

ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قانون سازی کے عمل کیلئے فیصلہ اپوزیشن کی سٹئیرنگ کمیٹی کریگی۔ سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے ملا خط سٹیرنگ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی سطح پر فیصلے متحدہ اپوزیشن کرے گی، فیصلے ملک قوم اور جمہوریت کے بہترین مفاد میں کریں گے، حکومت نے ملک کو تباہی کے کنارے لا کھڑا کیا ہے، ملک مسائل کی آگ میں جل رہا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کو کوئی فکر نہیں، عوام کے چولہے بجھ رہے ہیں اور دل جل رہے ہیں، مہنگائی زدہ عوام کو حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے لکھا کہ ملک میں لوگوں کی امیدیں کھونے سے زیادہ خطرناک کوئی چیز نہیں ہو سکتی اور افسوس کی بات ہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اس نااہل اور کرپٹ ترین حکومت کی وجہ سے لوگ مایوسی کی خطرناک حد کو چھو رہے ہیں،اپنے ٹویٹ پر انہوں نے مزید لکھا کہ ہفتہ وار افراط زر کی شرح 17.37 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ غریب عوام مہنگائی کی اس لہر میں اپنے گھر والوں کا پیٹ کیسے پالیں گے؟