ٹی ایل پی سے معاہدہ چنددنوں میں سامنے آجائے گا،شیخ رشید احمد


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان( ٹی ایل پی )کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا جو چند دنوں میں سامنے آجائے گا۔ 78 تنظیموں کو کالعدم قرار دیا جاچکا ہے، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ساڑھے 3 سال ہوگئے ہیں  عمران خان 5 سال پورے کریں گے، صاف اورشفاف انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین ضروری ہے۔

افغانستان میں امن  پاکستان کے امن کیلئے بہت ضروری ہے ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ پی ڈی ایم والے وارم اپ ہوتے ہوتے  ہی 6 ماہ لیں گے اصل دھرنا دینے یا تحریک چلانے کا وہ وقت تھا جب فضل الرحمن پہلی دفعہ اسلام آباد آئے تھے اب وہ آکر اپنے آپ کو خوار کریں گے جب تک کوئی قانون ہاتھ میں نہیں لے گا اسلام آباد کی پولیس کبھی کسی کو ہاتھ نہیں  لگائے گی میری سیاسی جماعت عمران خان اورالیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے معاملے پر تحریک انصاف کے ساتھ کھڑ ی ہے ، میں عمران خان کی سوچ کا حامی ہوں کہ ای وی ایم مشین ہونی چاہیے  کیونکہ70 سال سے دھاندلی کے الزامات لگ رہے ہیں انٹرنیشنل ووٹنگ کیلئے بات چیت کرلیںکوئی حرج نہیں ہے کیونکہ سارا انٹرنیٹ براستہ انڈیا آتا ہے ایسا نہ ہو ہیک ہو جائے امریکہ روس پر الزام لگارہا ہے دنیا پر الزامات لگ رہے ہیں مگر میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا حامی ہوں  انہوں نے کہاکہ ٹی ایل پی سے  ایک معاہدہ طے ہوگیا ہے جو چند دنوں بعد سامنے آجائے گا اس معاہدے میں  میں شامل نہیں تھا میں نے خود سعد رضوی سے کہا کہ میرا اس میں کام نہیں ہے یہ کام مذہبی امور اور حکومت پنجاب کا ہے لیکن ان کے کہنے پر میں دو دفعہ بیٹھا رہا ان کے ساتھ جو بھی معاملات طے ہوئے ہیں امیدہے ہفتہ 10  دن تک سامنے آجائیں گے اور اچھے ہوں گے۔ اب تک 78 تنظیموں کو کالعدم قرار دیا جاچکا ہے ۔

ٹی ایل پی کو حکومت پنجاب کے کہنے پر وزارت د اخلہ نے کالعدم قرار دیا تھا۔ پنجاب کے واپس لینے پر ہم نے وہ سمری  وزارت قانون سے ویٹ کراکر کیبنٹ  میں بھیجی  اور ٹی ایل پی پر کالعدم کی پابندی ختم ہوگئی ۔

شیخ رشید نے کہاکہ  شہباز شریف اور فواد حسن فواد پہلے ہی ای سی ایل پر ہیں۔ انہوں نے اس سے نکلنے کی درخواست نہیں دی ۔ نیب نے ایک اور کیس دو ہفتے پہلے بھیجا ہے، انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں ماحول اچھا ہونا چاہیے میں پہلے ہی آئی جی سے بات کرچکا ہوں۔ کرائم کی تعداد کم ہونی چاہیے ابھی ایک بینک میں ڈکیتی ہوئی مجھے اپنی پولیس پر فخر ہے  جو 6 شہید ہوئے ہیں ان کے گھروں میں بھی جائوں گا  ۔

وزیرداخلہ نے کہاکہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ پوری دنیا میں ہوا ہے کیبنٹ  میں عمران خان میری بات سنتا ہے عمران خان میڈیا کو خود دیکھتا ہے۔ پوری حکومت کو معلوم ہے کہ ہمارا  ایک ہی مسئلہ ہے وہ صرف مہنگائی  ہے اور اس کو ختم کرنا ہے وزیر داخلہ نے کہاکہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ساڑھے 3 سال ہوگئے ہیں  عمران خان 5 سال پورے کریں گے اپوزیشن والے الیکشن کی مہم چلارہے ہیں جلسے، جلوس کرنا اپوزیشن کا حق ہے۔ مجھے اپوزیشن سے گلہ ہے کہ انہوں نے بڑی  دیر سے شروع کیے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اتحادی بھی کہیں نہیں جارہے، جب بھی کوئی ایشو آتا ہے لوگ مطالبے منوانے کی بات کرتے ہیں، مطالبے منوانے کے لئے کچھ نہ کچھ کرنا ہوتا ہے۔ ملکی معیشت بڑے امتحان سے گزر رہی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے اسی ماہ ایک ہزار پولیس والے بھرتی کریں، 1122 کیلئے پنجاب کیساتھ ایم او یو کر رہے ہیں۔افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے پڑوس افغانستان میں جو صورتحال ہے اسکے اثرات بھی پاکستان پر ہوں گے، یہ نہیں ہو سکتا 4 کروڑ لوگوں میں بھوک اور ننگ ہو اور اس کے اثرات پاکستان پر نہ ہو۔