اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے چیئرمین نیب کو خط لکھ دیا جس میںمیں کہا ہے کہ جو کیسز واپس لینے یا ختم کرنے ہیں ان کی فہرست فراہم کی جائے۔
ہفتہ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کو خط لکھا ہے جس میں نیب ترمیمی آرڈیننسز کے بعد کون سے زیر سماعت نیب ریفرنسز چلیں گے اس حوالے سے پوچھا گیا ہے۔
جج احتساب عدالت نے خط میں کہا ہے کہ جو کیسز واپس لینے یا ختم کرنے ہیں ان کی فہرست فراہم کی جائے، ترمیمی آرڈیننس میں چیئرمین نیب کو کیس واپس لینے کا اختیار دیا گیا ، نئے قانون میں کوئی ابہام نہیں لہذا فہرست فراہم کی جائے۔
جج احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزمان ترمیمی آرڈیننس کے تحت بریت کی درخواستیں دائرکر رہے ہیں، مناسب ہو گا کہ جو کیس واپس لینے ہیں ان کی فہرست فراہم کی جائے، واپس لینے والے کیسز کی فہرست ملنے سے عدالتی وقت بچے گا، فہرست مہیا کی جائے تاکہ کیسز کو وقت دے سکیں اور قانون کے مطابق جاری رہنے ہیں۔