اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان کے بارے میں اکانومسٹ کی حالیہ رپورٹ پریشان کن ہے۔ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے کی غیر ملکی سفارت خانوں کے پریس اتاشیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان 40 ملین آبادی کا ملک ہے، افغانستان کے بارے میں اکانومسٹ کی حالیہ رپورٹ پریشان کن ہے۔ ہم افغانستان میں جامع حکومت چاہتے ہیں لیکن ہمیں افغانستان میں انسانی المیہ پر تشویش ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سفارت خانوں کو جانے والی معلومات بالکل واضح ہونی چاہئیں۔
ٹیکنالوجی کے زیادہ استعمال سے فیک نیوز اور جعلی خبروں کے مسائل نے جنم لیا۔یورپی یونین، امریکہ اور برطانیہ بھی فیک نیوز اور جعلی پروپیگنڈے پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، فیک نیوز کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر کوششیں ہونی چاہئیں۔پاکستان کے میڈیا کا شمار ترقی پذیر ممالک کے میڈیا میں ایک بڑے میڈیا کے طور پر ہوتا ہے۔ ہم نئی قانون سازی لانے کی کوشش کر رہے ہیں، پی ایم ڈی اے کا آئیڈیا تجویز کرنے کا مقصد تمام قوانین کو یکجا کرنا تھا۔