اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی میں اراکین قومی اسمبلی اعجاز الحق اور سردار خالد مگسی کو شامل کردیا۔ حکومتی اتحادی کمیٹی اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا پیر کوپہلا دور ہوا جس میں حکومتی اتحاد نے پی ٹی آئی سے چارٹر آف ڈیمانڈ مانگ لیا۔
مذاکرات کا اگلا دور 2جنوری کو ہوگا جس میں پی ٹی آئی اپنے مطالبات پیش کرے گی تاہم آج انہوں نے ابتدائی مطالبات پیش کیے۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملک کی وسیع تر مفاد کے لیے مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کا مفاد سب سے مقدم ہے، قومی سلامتی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔