اسلام آباد(صبا ح نیوز) سپریم کورٹ نے 16 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کی برطرفی پر نظر ثانی کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے استدعا کی کہ عدالت 20 اگست کا فیصلے کو معطل کرے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس د ئیے کہ پہلی سماعت پر سپریم کورٹ اپنا ہی دیا فیصلہ کیسے مسترد کر سکتی ہے؟ جبکہ دو فاضل ججز فیصلہ دینے والے بینچ کا حصہ تھے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ انسانی بنیادوں پر فیصلے کی معطلی چاہتے ہیں۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ انسانی بنیادوں کا جائزہ حکومت لے سکتی ہے عدالت نہیں، کسی کے حقائق اور قانونی نکات سن کر فیصلے سے متعلق فیصلہ کریں گے۔جسٹس قاضی امین نے ریمارکس د ئیے کہ یہ معاملہ شفافیت اور میرٹ پر بھرتیوں کا ہے، حکومت سرکاری خزانے سے خیرات نہیں کر سکتی۔
جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ سرکاری اداروں کا کام متاثر ہو رہا ہے، برطرف ملازمین کی جگہ نئی بھرتیاں بھی نہیں ہو سکتیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فیصلے سے 16 ہزار سے زائد خاندان متاثر ہو رہے ہیں۔
جس پر جسٹس قاضی امین نے ریمارکس د ئیے کہ سرکاری اداروں کا کام پہلے بھی چلتارہا ا ب بھی چلے گا،کھلے دل سے کیس سن رہے ہیں، اپنی غلطی نظر آئی تو اصلاح کریں گے۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا کہ پارلیمان سے منظور شدہ قانون کا دفاع کرنا ہی میرا کام ہے۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ حکومت کیا چاہتی ہے، درخواست میں کچھ واضح نہیں۔بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 29 نومبر سے شروع ہونے والے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔