صوبے مضبوط ہوں گے تو ملک مضبوط ہوگا ، صدر عارف علوی


میر پورخاص(صباح نیوز ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ صوبے مضبوط ہوں گے تو ملک مضبوط ہوگا مشکل وقت سے نکل آئے،اب ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

میر پور خاص میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قوم کورونا وبا کی بڑی آزمائش سے نکلنے میں کامیاب ہوئی ، پوری دنیا نے  بھی کرونا وبا پر قابو پانے میں پاکستان کی تعریف کی، موجودہ حکومت نے سب سے بڑا کامیاب جوان اور احساس پروگرام شروع کیا،

صدر کا کہنا تھا کہ منصوبوں کے تحت  اربوں روپے  کے قرضے دیئے جار ہے ہیں،کامیاب جوان پروگرام کے لیے اس سال ایک سو ارب روپے رکھے گئے ہیں ،

دریں اثنا ء میرپورخاص میں سی پی ایل سی سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کے افتتاح کے موقع پر خطاب میں صدر ڈاکٹر عارف علوی کاکہنا تھا کہ عوام کی خدمت کرنے اور ان کے مسائل کے حل میں سی پی ایل سی اہم کردار ادا کر رہی ہے، دنیا بھر میں پولیس کی مدد کرنے کے لیے شہری اور دوسرے ادارے کام کرتے ہیں،

انہوں نے کہاکہ سی پی ایل سی کے دفاتر لاڑکانہ،  سکھر اور دوسرے شہروں میں بھی بنائے جانے چاہیے تاکہ عوام کو سہولیات میسر آ سکیں۔