اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس چند روز کیلئے موخر کیا گیا،پوزیشن کے ساتھ دوبارہ مشاورت کیلئے تیار ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت انتخابی اصلاحات پی ٹی آئی کیلئے نہیں ملک کیلئے کرنا چاہتی ہے، صرف دھاندلی سے پاک، شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن سے دوبارہ رابطہ کیا ہے، اپوزیشن کے ساتھ دوبارہ مشاورت کیلئے تیار ہیں، اپوزیشن قانون سازی میں حکومت کا ساتھ نہیں دے رہی، قومی اسمبلی کا اجلاس مہینوں نہیں، کچھ روز کیلئے ملتوی ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق اور ای وی ایم پر قانون سازی چاہتے ہیں، انتخابی اصلاحات کے حوالے سے حکومت سنجیدہ ہے، حکومت پی ٹی آئی نہیں، ملک کیلئے قانون سازی کرنا چاہتی ہے، قانون سازی اور انتخابی اصلاحات کا راستہ نہیں رکنا چاہئے، اصلاحات کا مقصد دھاندلی روکنا اور شفاف انتخابات یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی قومی ایجنڈا ہے، قانون سازی پر مشاورت کیلئے حکومت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، قانون سازی سے متعلق پی ٹی آئی یا اتحادیوں کا کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں۔