انتخابی نظام ایک فرد یا جماعت کی مرضی سے تبدیل نہیں ہوگا،شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر ،سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ انتخابی نظام صرف ایک فرد یا جماعت کی مرضی سے تبدیل نہیں ہوگا، ای وی ایم پر تحریک انصاف کے علاوہ سب کو تحفظات ہیں۔

پیپلزپارٹی کی مرکزی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا دعویٰ غلط ہے کہ اپوزیشن نے رابطہ کر کے اجلاس منسوخ کرنے کا کہا ہے، حکومت نے اتحادیوں کے الگ ہونے کے ڈر سے مشترکہ اجلاس منسوخ کیا ہے، انہوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کسی سے اتفاق رائے پیدا نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اتحادی اور تحریک انصاف کے اپنے ارکان بھی اب ان کے ساتھ نہیں رہے، مانگے تانگے کے اتحادی اب حکومت کے ساتھ نہیں کھڑے، اجلاس منسوخ کرنے کا مطلب حکومت کے پاس نمبرز پورے نہیں ہیں اور وزیراعظم اکثریت کھو چکے ہیں۔