پاکستان ، آسٹریلیا کا مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مستحکم کرنے پراتفاق


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور آسٹریلیا نے امن اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے تحت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مستحکم کرنے اور اسے مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ اتفاق رائے بدھ کو پاکستان اور آسٹریلیا کے اعلی حکام کے ویڈیو لنک کے ذریعے مذاکرات کے ساتویں سیشن میں ہوا۔مذاکرات میں پاکستان کی قیادت ایشیا اور بحرالکاہل کے امور کے ایڈیشنل سیکرٹری عاصم افتخار احمد نے کی جبکہ آسٹریلیا کی طرف سے انڈوپیسفک گروپ’ امور خارجہ اور تجارت کے محکمے کے ڈپٹی سیکرٹری نے قیادت کی۔

فریقین نے سیاست’ معیشت’ تجارت اور سرمایہ کاری ‘ دفاع’ سلامتی’ تعلیم اور تکنیکی تعاون اور عوام کے درمیان رابطوں سمیت دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا۔دونوں فریقوں نے باہمی اعتماد اور مفاہمت پر مبنی دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں فروغ دینے کے لئے باقاعدگی سے بات چیت اور اعلی سطح کے دوروں کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔پاکستان نے آسٹریلیا سے ان پاکستانی طلبا کی جلد واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لئے تعاون کی درخواست کی جو کورونا کی وجہ سے وطن واپس نہیں آسکے۔

آسٹریلیا کے ڈپٹی سیکرٹری نے افغانستان سے اپنے شہریوں اور دیگر لوگوں کے محفوظ انخلا میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا،دونوں اطراف سے باہمی دلچسپی کے تمام ایشوز پر رابطے  برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ، دونوں ممالک کے سینئر عہدیداران کے درمیان مزاکرا ت کا اگلا مرحلہ اگلے سال اسلام آباد میں ہوگا۔