سنگاپور(صباح نیوز) پاکستان ہائی کمیشن نے انسٹیٹیوٹ آف ساوتھ ایشین سٹڈیز سنگاپور کے تعاون سے( پاکستان کی علاقائی اقتصادی انضمام،چیلنجز اور مواقع) کے عنوان تحت ایک ویب نار کا انعقاد کیا،جس کے پاکستان سرمایہ کاری بورڈ کے سابق چیئرمین ہارون شریف مہمان خصوصی تھے-
اس ویب نار میں بزنس چیمبرز، انفرا سٹرکچر انویسٹرز، تھینک ٹینکس، میڈیا اور سنگاپور میں موجود سفارت خانوں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، یہ ویب نار پاکستان ہائی کمیشن اور انسٹیٹیوٹ آف ساوتھ ایشیا کے تعاون سے ہونے والے ویب نارز کے تسلسل کا حصہ تھا،مہمان خصوصی ہارون شریف نے اپنے خطاب میں حکومت پاکستان کی ملک میں بیرونی سرمایہ کاری لانے کے لے کمیونیکیشن کو بہتر بنانے کے اقدامات کا ذکر کیا-
انہوں نے چائنہ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت شروع ہونے والے چین پاکستان ا قتصادی راہداری ( سی پیک )کے وسیع پوٹینشل کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ خطہ کے لئے ایک مستقل معاشی گروتھ کی ضمانت ہے- انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی بیرونی تجارت بڑھانے کے لئے ادارہ جاتی اصلاحات کی ضرورت ہے-
انہوں نے بیان کیا کہ معاشی استحکام کو ذہن میںرکھتے ہوئے بیورو کریسی میں اصلاحات لائی جائیں اسکے لئے بیرونی تجارت بڑھانے کے لے پرائیویٹ سیکٹر کو اکنامک ڈپلومیسی اور نالج بیسڈ اکانومی اور ہیومن ریسورس کی ترقی کے لے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے- انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ افغانستان میں پائدار امن، چائنہ اور امریکہ کی کشمش کا مثبت حل اور پاکستان اور بھارت کے درمیان پر امن تعلقات بھی خطہ کی تعمیرو ترقی کے لئے بہت ضروری ہیں-
آخر میں انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی تبدیلیاں اور ہیومن ریسورس میں سرمایہ کاری معاشی خوشحالی کی بنیادی ضرورت ہیں- ہارون شریف کے خطاب کے دوران ایک جامع سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام سے متعلق مختلف سوال پوچھے گئے جن کے ہارون شریف نے تفصیلی جوابات دئیے