الخدمت اورفن بچوں کی کفالت کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کااہتمام بھی کرتی ہے،عبدالشکور


راولپنڈی (صباح نیوز)صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمدعبدالشکورنے کہاہے کہ اورفن بچوں کی کفالت کے ساتھ ان کی صلاحیتوں کواجاگرکرنے کے لیے ہم نصابی سرگرمیاں کی جاتی ہیں،پاکستان میں اورفن بچوں کی تعداد 42لاکھ سے تجاوزکرگئی ،الخدمت معیاری آغوش ہومزکے ساتھ گھروں میں اپنی ماؤں کے ساتھ رہنے والے 15ہزارسے زائدبچوں کی کفالت کررہی ہے ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے کرکٹ گراؤنڈایوب پارک میں الخدمت شمالی پنجاب کے زیراہتمام اوفن باہمت بچوں کے لیے منعقدہ شاہین اسپورٹس لیگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم، اسسٹنٹ کمشنرراولپنڈی وقاص صفدرسکندری ،صدرچیمبرآف کامرس راولپنڈی ندیم اے راؤف ،نائب صدرپاکستان بزنس فورم چوہدری محمدطاہر،،صدرالخدمت شمالی پنجاب رضوان احمد،محمدانعام،راجہ محمدجواد،ضیاء اللہ چوہان سمیت زندگی کے نمایاں طبقات کی شخصیات نے شرکت کی اوراظہارخیال کیا ،

لیگ میں 10اضلاع کی 24ٹیمو ں کے درمیان کرکٹ،رسہ کشی،فٹ بال،کلام اقبال کے علاوہ تقریری مقابلے ہوئے ،فائنل کرکٹ میچ بھکراوراسلام آباد کے درمیان ہوا جوبھکرنے جیت کرٹرافی اپنے نام کرلی۔ مجموعی مقابلوں میں فرسٹ پوزیشن اسلام آباد، سیکنڈبھکراورتھرڈپوزیشن سرگودھا نے اپنے نام کی جنھیں میڈلزکے ساتھ کیش ایوارڈبھی دئیے گئے ۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت کی زیرکفالت بچے پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ملک میں اورفن بچوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اہل خیرخواتین وحضرات الخدمت کے دست وبازوبنیں ،نوجوان اس کے رضاکاربن کرانسانیت کی خدمت میں اپنا کرداراداکریں

۔ ندیم اے راؤف نے کہا الخدمت معاشر ے کے کمزورطبقات کے لیے قابل قدرخدمات سرانجام دے رہی ہے ملک میں کسی مشکل کی صورت الخدمت کے رضاکارہمیں صف اول میں خدمت کرتے نظرآتے ہیں اورفن بچوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کااہتمام اس کی شخصیت میں بہتری کے لیے اہم کرداراداکرے گااوریہ بچے ملک وقوم کے لیے قیمتی سرمایہ ثابت ہوں گے ۔

رضوان احمد نے کہاکہ باہمت بچوں نے تمام مقابلوں میں پرجوش اندازمیں حصہ لیا اضلاع کے مابین بڑے مقابلوں سے ان کی صلاحیتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگااس سلسلے میں جاری رکھا جائے گا تاکہ ملک کا مستقل جنت کے یہ پھول پاکستانی قوم سمیت انسانیت کے خدمت کے لیے ہرمحاذ پراپناموثرکرداراداکرسکیں ۔