میلبورن (صباح نیوز) رواں ماہ 4مارچ کو اچانک انتقال کرجانے والے آسٹریلوی لیجنڈری کرکٹر شین وارن کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شین وارن کے اہل خانہ اور دوستوں نے گزشتہ روز میلبورن کے سینٹ کِلڈا فٹ بال کلب میں ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کی۔
شین وارن کے تین بچے، والدین اور دوست بشمول ریٹائرڈ ٹیسٹ کپتان مارک ٹیلر اور ایلن بارڈر اور انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان بھی ان کی آخری رسومات کے شرکا میں موجود تھے۔
وائرل تصاویر میں شین وارن کے بیٹے اور بیٹی کو والد کا تابوت چومتے جبکہ دوسری بیٹی کو میت کے پاس آنسو بہاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ شین وارن کو کرکٹ کی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا تھا۔ ان کا انتقال 4 مارچ کو جنوبی تھائی لینڈ کے ساموئی جزیرے پر دوستوں کے ساتھ چھٹیاں منانے کے موقع پر ہوا تھا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 52 سالہ وارن کی موت مشتبہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔
شین وارن نے آسٹریلیا کی جانب سے 145ٹیسٹ میچز میں 708وکٹیں لیں، شین وارن نے 194ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 293کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔شین وارن نے 1992سے 2007تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔