تحریک عدم اعتماد،وزیراعلی،گورنر پنجاب کو اہم ٹاسک مل گیا


لاہور(صباح نیوز) وزیراعظم عمرا ن خان نے گورنر اور وزیراعلی پنجاب کو مشاورت سے کام کرنے پر زوردیا ہے۔تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کا مشن لئے وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے، جہاں انہوں نے ایوان وزیراعلی میں گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی، وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی محاذ پر پہلا اور اہم مرحلہ اسلام آباد ہے، حکومت سیاسی محاذ پر پر اعتماد اور مستحکم ہے، اپوزیشن کو ہر محاذ پر شکست ہو گی۔ملاقات میں وزیراعظم نے گورنر اور وزیراعلی پنجاب کو مشاورت سے کام کرنے پر زور دیا اور پنجاب کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے رابطے کا ٹاسک گورنر اور وزیراعلی کو سونپا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکز میں عدم اعتماد سے نمٹنے کے بعد پنجاب میں فیصلے کیے جائیں گے، اہم بیٹھک میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ترین اور علیم خان گروپ سمیت ق لیگی ارکان سے روابط رکھے ائیں تاکہ بہتر فیصلہ ہوسکے۔

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے، وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔وزیرِ اعظم عمران خان سے صوبائی وزرا پنجاب سردار آصف نکئی اور سید صمصام بخاری نے ملاقات کی جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور متعلقہ وزارتوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پورے پنجاب میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں، ماضی میں پنجاب کا سارا ترقیاتی بجٹ مخصوص شہروں تک محدود رکھا جاتا رہا۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور ماضی میں نظر انداز کیے ہوئے شہروں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔۔