دیرپا امن کیلئے تمام علاقائی ممالک کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے: آرمی چیف


راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دیرپا امن اور استحکام کے لئے تمام علاقائی ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے ناظم الامور نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو)کا دورہ کیا اور سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کی ترقی سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔چینی ناظم الامور نے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کے لئے اٹھائے گئے حفاظتی انتظامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان علاقائی و بین الاقوامی امور میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے متمنی ہیں، دیرپا امن اور استحکام کے لئے تمام علاقائی ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔