اسلام آباد(صباح نیوز) سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کے درمیان ملاقات ہوئی ،ملاقات میں عمران خان کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے ہمراہ چودھری سالک حسین اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ موجود تھے جب کہ آصف زرداری کی معاونت بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور چودھری شجاعت حسین کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گفت و شنید کے دوران تحریک عدم اعتماد پر بھی بات چیت اور مشاورت ہوئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی چودھری شجاعت حسین نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی تھی۔