اسلام آباد(صباح نیوز)خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے خواتین کو بااختیار بنانے اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زوریتے ہوئے کہا ہے کہ عورت مضبوط اور خوشحال ہو گی تو ملک بھی مضبوط اور خوشحال ہو گا، خواتین اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے اقدامات کیذریعے دنیامیں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیاجاسکتا ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈاندسٹری کے زیراہتمام خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہاکہ پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں، ان میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ مذہب اسلام ، پاکستان کاآئین اور ہمارا معاشرہ خواتین کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم اور آگاہی خواتین کی کامیابیوں کااہم جزو ہیں۔ موجودہ حکومت نے خواتین کی فلاح و بہبود ، ترقی اور مالی خودمختاری کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ حکومتی سہولیات سے استفادہ کے لئے خواتین کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں خواتین ارکان پارلیمنٹ ، کاروباری اور دیگر نمایاں شخصیات کو اپنا کردار اداکرناچاہیے۔
ملکی معاشی ترقی میں چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے کردارکو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاروباری ادارے خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں۔ عورت مضبوط اور خوشحال ہو گی تو ملک مضبوط اور خوش حال ہو گا۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہاکہ صدر مملکت اور وزیراعظم خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ اس سلسلہ میں خواتین کے حقوق کے تحفظ بالخصوص وراثتی حقوق کویقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے خصوصی افراد کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے انفراسٹرکچر میں سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے ذریعے ہم دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرسکتے ہیں۔ قبل ازیں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدرشکیل ملک نے تقریب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی خواتین کاملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ہے۔ وہ زندگی کے ہر شعبہ میں آگے بڑھنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں تاہم انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اسلام آباد چیمبر کی جانب سے خواتین کی معاشی خودمختاری کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ تقریب میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جوائنٹ ڈائریکٹر شیریں بلوچ نے بھی سٹیٹ بینک کی جانب سے صنفی امتیاز کے بغیر خواتین کی مالی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں پریذینٹیشن دی۔