عوام مسائل کا حل چاہتی ہے تو جماعت اسلامی کے ترازو کاانتخاب کرنا ہوگا،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈ ی ( صباح نیوز)صوبائی امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ اقتدارپرقابض ٹولہ ہرحکومت کا حصہ ہوتا ہے کشتی ڈوبتی نظرآنے پرچھلانگ لگا کرنیا جھنڈا اٹھانے ولے چوروں سے نجات حاصل کئے بغیر عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے،عمران خان اورعثمان بزدار کی حکومتیں عدم اعتماد کے بغیر ہوا کے ایک جھونکے سے زمین بوس ہوجائیں گی ۔عوام مسائل کا حل چاہتی ہے تواسے جماعت اسلامی کے ترازو کاانتخاب کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے شاہین چوک میں منعقدہ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرنائب امیرصوبہ ڈاکٹرمبشر احمدصدیقی، امیرضلع اویس قاسم تلہ، صدرجے آئی یوتھ پاکستان زبیراحمد گوندل ،صوبائی صدراویس اسلم مرزا سمیت دیگرقائدین نے بھی اظہارخیال کیا۔

احتجاجی دھرنے میں نائب امیرصوبہ ڈاکٹرمبشراحمدصدیقی ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،ضلعی سیکرٹری فضل الہی اعوان سمیت دیگرذمہ داران اوربڑی تعداد میں مردوخواتین شریک ہوئے اورحکومتی پالیسیوں کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ پارلیمنٹ اورعوامی ایوانو ں میں عوام کے حقیقی مسائل کواجاگرکرنے والے ہی ملک وقوم کے مسیحا ہیں جماعت اسلامی کے ممبران پارلیمنٹ نے ہمیشہ خدمت اورامانت ودیانت کی تاریخ رقم کی، پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف ایک دوسرے کے خلاف احتجاج کررہے ہیںلیکن یہ احتجاجی عوام حقوق نہیں اپنی حکومتوں کوتحفظ دینے کے لیے ہے ،74برسو ں سے عوامی مسائل پرقابض مافیا کے ظلم کے نجات کا وقت آگیا۔

صوبائی امیرنے کہاکہ مہنگائی ،بے روزگاری ،غنڈہ راج نے عوام کی زندگیاں اجیرن کررکھی ہیں ،غریب کی جھونپڑی میں اندھیرا کرکے محلات اوربزنس ایمپائرکھڑے کرنے والے ڈاکو ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں ۔ نوازلیگ ، پیپلزپارٹی اورتحریک حقیقت میں ایک ہیں عوام کے سامنے نوراکشتی کرکے وہ خود کوالگ ثابت کرناچاہتے ہیں لیکن ایک ریمورٹ سے چلنے والے روبوٹ آئی ایم ایف اورعالمی شیطانوں کے غلام ہیں ۔