تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی،جلد ریکوزیشن جمع کروائیں گے، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، تحریک عدم اعتماد کیلئے جلد ریکوزیشن جمع کروائیں گے۔

گزشتہ روز احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا انشااللہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، وزیراعظم کو احتساب کا اتنا شوق ہے تو چیئرمین نیب بھی خود ہی بن جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کون کر رہا ہے؟ جلسوں، کابینہ اجلاسوں سمیت ہر جگہ دھمکیاں دی جاتی ہے۔ احتساب کا مشیر ملک سے فرار ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں الیکشن کے حوالے سے پی ٹی آئی کے صدر کا بیان سب کے سامنے ہے، سینٹ میں جو لوگ بیٹھے ہیں انہوں نے پیسے دیکر یہ سیٹیں حاصل کیں تحقیقات کی جائیں کہ وہ پیسہ کہاں سے آیا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور کی کرپشن جلد عوام کے سامنے آئے گی، اس حکومت نے نیب کے عمل کو انتقامی بنا دیا ہے، احتساب اب پورے پاکستان کے سامنے ہوگا۔