صدر کی پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں لوگو کی رونمائی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں پیر کو اسلام آباد میں لوگو کا اجرا کیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف شروع کی گئی حالیہ نفرت انگیز مہم نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے دوقومی نظریے پر ایک بار پھر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔

صدر نے نوجوان نسل کو دوقومی نظریے کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوری جدوجہد کے ذریعے قائم کیا گیا تاہم انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ بہت سے ایسے علاقے جو پاکستان کا حصہ ہونا چاہئیں تھے جان بوجھ کر بھارت کو دے دیے گئے۔اس سے قبل اطلاعات ونشریات کے وزیر چودھری فواد حسین نے کہا کہ قیام پاکستان کی پچھترویں سالگرہ کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کا یوم پاکستان اور جشن آزادی انتہائی شاندار انداز میں منانے کا اعلان

وفاقی حکومت نے رواں سال یوم پاکستان اور جشن آزادی انتہائی شاندار انداز میں منانے کا اعلان کیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں رواں سال 23 مارچ اور 14 اگست کی تمام تر تقریبات کو پر زور انداز میں منانے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس بار 23مارچ کی پریڈ بہت ہی خصوصی ہوگی جبکہ 14 اگست کی تقریب ایسے منائی جائیگی جیسے پہلے کبھی نہیں منائی گئی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ رواں سال یوم پاکستان اور جشن آزادی کے موقع پر تمام محکمے شاندار تقریبات کا انعقاد کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی 23 مارچ بھرپور انداز میں منانے کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ 23 مارچ کو تاریخی پریڈ ہوگی،جے 10 سی جہاز بھی آئیں گے جبکہ 22 سے 24 مارچ تک وزرائے خارجہ کانفرنس ہوگی جس دوران تعطیل ہوگی۔