وزیراعظم عمران خان کل احساس پروگرام کے تحت وزیر اعظم احساس راشن رعایت سکیم کا اعلان کریں گے


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان  کل احساس  پروگرام کے تحت وزیر اعظم احساس راشن رعایت سکیم  کا اعلان کریں گے۔ اس پروگرام  کے تحت  20 ملین خاندانوں کو ماہانہ بنیادوں پر 30 فیصد سبسڈی فراہم  کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان  احساس  پروگرام کے تین سال مکمل ہونے پر تقریب کی صدارت کریں گے۔

اس تقریب میں ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام  کا اعلان کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ 27مارچ، 2019 کو احساس کے آغاز کے بعد سے، بے شمار سماجی تحفظ اورتخفیف غربت کے پروگرام کامیابی کے ساتھ شروع کئے گئے ہیں جن کا 98 فیصد بجٹ لڑکیوں اور خواتین کو فائدہ پہنچا نے کیلئے مختص کیا گیا ہے۔۔

ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام 3 ضروری اشیا یعنی گندم کا آٹا، کھانا پکانے کا تیل/گھی اور دالوں کی قیمتوں کو مثر طریقے سے کم کرے گا۔ یہ  20 ملین اہل خاندانوں (130 ملین افراد) کو 106 بلین  روپے  کی  سبسڈی  فراہم کرے گا۔ عالمی سطح پر حالیہ قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر، وزیراعظم نے80 لاکھ خاندانوں کے لیے کفالت وظیفہ کی  رقم  کو  2,000 روپے کے اضافے  سے12,000 روپیسے  بڑھا کر 14,000 روپے کرنیکا اعلان کیا ہے۔ یہ تمام فیصلے عوام کو ریلیف دینے کے لیے کیے گئے ہیں۔ کل کی تقریب  میں 71 ارب روپے مالیت کی کفالت نقد امداد بھی  شامل  ہے۔تین سالوں کے دوران، پروگرام نے ملک کی تقریبا نصف آبادی کو احساس نقد  مالی  معاونت فراہم کی۔ احساس سکول وظیفہ پروگرام 4 سے 22 سال کی عمر کے 10 ملین بچوں کو فائدہ پہنچانے کا  ارادہ   رکھتا ہے۔

تمام گریڈوں میں لڑکیوں کو زیادہ وظیفہ ملتا ہے۔200,000 ضرورت   و میرٹ پر مبنی احساس انڈرگریجویٹ وظائف کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنیوالے طلبا کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔اسٹنٹنگ سے نمٹنے کے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق، تمام اضلاع میں 160 احساس نشوونما سینٹرز کھولے  گئے ہیں۔ ہر ضلع میں احساس کی تمام سروسز کو ایک چھت کے نیچے ضم کرنے کے لیے ملک بھر میں ون ونڈو احساس مراکز کی  تعداد  کو بھی بڑھایا جا رہا ہے۔احساس کے نیشنل پاورٹی گریجویشن انیشیٹو میں 3.8 ملین خاندانوں کو غربت سے  باہر  نکالنے کے لیے بلاسود قرضے اور روزی  کمانے کیلئے چھوٹے اثاثے شامل ہیں۔وزیر اعظم کے مزدور کا احساس کے تحت یومیہ اجرت کمانے والوں کی عزت کے ساتھ خدمت کے لیے ماڈل پناہ  گاہوں، لنگروں، ٹرک کچن اور یتیم خانوں کا ایک ملک گیر نیٹ ورک بھی قائم کیا گیا ہے۔

اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ حکومت کے سماجی تحفظ کے وظیفے مستحق  افراد  کیلئے ہیں، احساس نے 34.41 ملین خاندانوں  کی قومی سماجی و اقتصادی سروے رجسٹری مکمل کی جو کہ جنوبی ایشیا کا پہلا ڈیجیٹل سروے ہے۔عالمی بینک نے احساس ایمرجنسی کیش کو کووڈ-19 کے دوران  دنیا بھر میں سب سے تیز نقد رقم کی منتقلی کے پروگرام کے طور پر تسلیم کیا۔سر مائیکل باربر کے مطابق، ٹیکنالوجی اور ڈیٹا پر مبنی احساس کے نفاذ نے ملک میں گورننس کو “سرپرستی کی سیاست  سے کارکردگی کی سیاست” میں بدل دیا ہے۔