لاہور/اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اللہ پاکستان کو عمران خان کے شر سے محفوظ رکھے ۔
وزیراعظم عمران خان کی جلسہ عام میں کی جانے والی تقریر پر اپنے ردعمل میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کچھ اسپورٹس مین اسپرٹ دکھائیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ا قتدار ہاتھ سے جاتا دیکھ کر انسان کس طرح ذہنی توازن کھو بیٹھتا ہے۔ اسکو نہ اخلاقی اقدار نہ دشمنی کا ظرف ہوتا ہے نہ اپنی عہدے کی عزت کا کوئی پاس ہوتا ہے۔پہلے اس نے سب کو گالیاں دیں اور پھر کہا ریاست مدینہ کی بنیاد اخلاقیات تھی۔اللہ پاکستان کو عمران خان کے شر سے محفوظ رکھے ۔
میلسی میں وزیر اعظم عمران خان کے خطاب پر اپنے ردعمل میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ابھی تو کھیل شروع ہوا اور تم پہلے ہی شکست کھا چکے ہو۔ کچھ تو سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرو۔ دریں اثنا ء مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میلسی میں ایٹمی طاقت کے وزیر اعظم کا خطاب تھا یا کسی فلمی مولا جٹ کا؟ کیا پاکستان کو سفارتی سطح پہ پہلے ہی کافی تنہا نہیں کر دیا جو آج مذید تڑکا لگا دیا ہے۔ ہمیں نہ ڈرا ہم سے اور کیا کرو گے؟تمھاری کال کوٹھریوں کو بھگت چکے ہیں اب اپنی باری کا انتظار کرو!
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت سے نجات آج پاکستان کے عوام کا سب سے بڑا مطالبہ ہے پچھلے 4 سالوں میں حکومت اور اسکے وزرا نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے.عمران نیازی کی حکومت میں پاکستان دنیا کا کرپٹ ترین ملک بنا ہے۔عمران نیازی صاحب کی حکومت اب آخری ہچکولے لے رہی ہے وزیراعظم سے لیکر کابینہ کے وزرا کے چہرے یہ بات بتارہے ہیں کہ انہیں تحریک عدم اعتماد میں اپنی شکست صاف اور واضح نظر آرہی ہے انکے اوسان خطا ہوچکے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب کا وزیر اعظم عمران خان کے خطاب پر کہنا تھا کہ جانے کا وقت ہوا جاتا ہے !۔
ٹوئٹر بیان میں مریم اورنگزیب نے پارٹی قائدین کی اراکین پارلیمان کو بیرون ملک جانے سے روکنے کی تصدیق کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)سپیکر قومی اسمبلی کے نامزد کردہ کسی بیرون ملک دورے کا حصہ نہیں بنے گی ۔ سب اراکین کو ملک میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پارٹی اراکین کو مہنگائی کی ستائی عوام کے خرچے پر بیرون ملک دوروں سے منع کیاگیا ہے ۔ عوام کو کچھ نہ دینے والی حکومت کے سرکاری دوروں کا حصہ نہیں بنیں گے ۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری سے مر گئے ہیں اور حکومت سرکاری خرچ پر دوروں کے پروگرام بنا رہی ہے۔ قوم کے کروڑوں روپے دوروں پر ضائع کرنا کرپشن اور ڈکیتی کے سوا کچھ نہیں ۔ ہمیں امید ہے کہ پی ٹی آئی کے احساس رکھنے والے ارکان ان دوروں کا حصہ بننے سے انکار کریں گے۔ZS