واشنگٹن(صباح نیوز)2024ء میں امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیرقانونی تارکین وطن کی ملک بدری کیلئے فوج سے مدد لینے کا اعلان کر دیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ قومی ایمرجنسی کا اعلان کر کے امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر فوج تعینات کی جائے گی، سرحدی دیوار کی تعمیر دوبارہ شروع کی جائے گی، غزہ کی پٹی، لیبیا، صومالیہ، شام، یمن کے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تارکین وطن کی ملک بدری کیلئے 226 سال پرانا اینمیز ایکٹ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی تاریخ میں سب سے بڑے پیمانے پر لوگوں کو ڈیپورٹ کرنے کیلئے وہ فوجی اثاثے استعمال کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران بار بار کہا تھا کہ وہ تمام غیرقانونی امیگرینٹس کو ڈیپورٹ کردیں گے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اشارہ دیا تھا کہ سب سے پہلے ان غیرقانونی امیگرینٹس کو نکالا جائے گا جو کسی جرم میں ملوث ہوں گے۔