کراچی (صباح نیوز )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخواہ کے ضلع بنوں میں چیک پوسٹ پر دہشتگردانہ حملے کی سخت مذمت اور اس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے 12 جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے بنوں ضلع کے علاقہ مالی خیل میں پیش آنے والے واقعے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے جوان قوم کے بہادر سپوت تھے۔انہوں نے زور دیا کہ دہشتگردی کا ہر واقعہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہورہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دہشگردی و انتہاپسندی کے خاتمے کی جدوجہد میں مسلح افواج کے ساتھ ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہدا کیلئے بلندیِ درجات کی دعا کی اور ان سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔