دوحہ( صباح نیوز)قطر نے اعلان کیا ہے کہ دوحہ میں حماس کا سیاسی دفتر مستقل طور پر بند نہیں کیا گیا۔ قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے کہا ہے کہ حماس کے سیاسی بیورو کے رہنماء اس وقت قطری دارالحکومت دوحہ میں موجود نہیں ہیں اور وہ مختلف دارالحکومتوں کے درمیان سفر کرتے رہتے ہیں۔ ماجد بن محمدالانصاری نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ حماس کے رہنما فی الحال دوحہ میں نہیں ہیں، ان کے ملک نے ثالثی کی کوششیں روک دی ہیں، یہ بیان تحریک کے دفتر کو انقرہ منتقل کئے جانے کی خبروں کے بعد سامنے آیا ہے جس کی ترک وزارت خارجہ نے تردید کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حماس کے ارکان وقتا فوقتا ترکیہ کا دورہ کرتے رہتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے دوحہ نے کہا تھا کہ اس نے حماس اور اسرائیل کو مطلع کیا ہے کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے اور یرغمالیوں کی رہائی کے لئے اپنی ثالثی کی کوششوں کو اس وقت تک روک دے گا جب تک کہ وہ مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے سنجیدگی اور حقیقی ارادے کا مظاہرہ نہیں کرتے۔