لاہور(صباح نیوز) احتساب عدالت کے حکم پر سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی لاہور میں موجود جائیداد 19
نومبر کو نیلام کی جائے گی، اس حوالے سے کینٹ ٹاون ہال سمیت دیگر مقامات پر اشتہار لگا دیئے گیے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر لاہورکینٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیداد کی نیلامی کے سلسلہ میں ان کی لاہور کے علاقے 135 اپرمال پر موجود جائیداد 19 نومبر کو نیلام ہوگی،اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق نیلامی اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 3کے حکم کے مطابق ہوگی اور یہ نیلامی اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ذیشان رانجھا کے آفس میں کی جائے گی۔ نیلامی ہوگی، نیلامی کے لئے کینٹ ٹاون ہال سمیت دیگر مقامات پر اشتہار آویزاں کردئیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی غیرمنقولہ جائیدادکی نیلامی کا حکم دیا تھا۔ توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف کی جائیداد نیلامی کے معاملے پر نیب نے احتساب عدالت نمبر 3 میں درخواست دائر کی تھی۔نیب کی درخواست کے متن میں تحریر تھا کہ متعلقہ حکام کوضبط شدہ جائیدادیں نیلام کرنیکی ہدایت کی جائے، نیب کا درخواست میں موقف تھا کہ نوازشریف نے جان بوجھ کر سرنڈر نہیں کیا ہے،یاد رہے مئی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی 88کنال 4مرلے کی جائیداد کی نیلامی میونسپل کارپوریشن ہال شیخوپورہ میں ہوئی تھی ، جس میں پہلا بولی دہندہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوا اور محمدبوٹا نے10 لاکھ کے زرضمانت کا چیک کمیٹی کو جمع کرایا تھا ، دوسرا بولی دہندہ سرفراز وٹو اور تیسرا بولی دہندہ خرم الیاس نے بھی 10،10 لاکھ زر ضمانت کا چیک کمیٹی کے حوالے کیا۔
جس کے بعد میاں نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کی گئی اور ایک کروڑایک لاکھ فی ایکڑ کے حساب سے محمد بوٹا نے سب سے زیادہ بولی دی تھی۔