پشاور میں دھماکے کے مزید 5 زخمی دم توڑ گئے


پشاور(صباح نیوز)پشاورکے علاقے کوچہ رسالدار دھماکے کے مزید 5 زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد شہداء کی تعداد 62 ہوگئی جبکہ 25 شہدا ء کی نماز جنازہ ادا کرکے آبائی قبرستانوں میں سپرد خاک کر دیاگیا ہے۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) ترجمان کے مطابق ہسپتال میں لائے گئے متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ دھماکے کے مزید پانچ زخمی توڑ گئے ہیں اور شہدا کی تعداد 62 تک پہنچ گئی تا ہم 37 زخمی زیر علاج ہیںجن میں پانچ زخمی آئی سی یو میں ہیں ۔

گذشتہ روز پشاور کے کوچہ رسالدار میں واقع جامع مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کا مراسلہ سی ٹی ڈی کو ارسال کردیا گیا۔ مراسلہ ایس ایچ او خان رازق وارث خان کی مدعیت میں ارسال کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ خان رازق کی مدعیت میں درج کیا گیا اور ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ایس ایچ او مسجد کی سیکورٹی چیک کرنے کے بعد ساتھ کی گلی میں پہنچا تو فائرنگ کی آواز سنی۔ ایس ایچ او واپس مسجد لوٹا تو پولیس والے زخمی تھے اور دھماکا ہو چکا تھا۔ خودکش حملہ آور نے مسجد میں گھس کر پہلے اندھا دھند فائرنگ کی اور فائرنگ کے بعد خود کش حملہ آورنے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

مراسلے کے متن میں ہے کہ حملہ آور کالے رنگ کے کپڑوں میں اور پیدل تھا۔ حملہ اور کے پاس پستول تھا اور اس نے پہلے فائرنگ کرکے  پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا۔ واقعہ کے مقدمے میں قتل اقدام قتل اور دہشت گردی دفعات کے شامل کی گئی ہیں۔ پولیس اسٹیشن خان رازق سے ارسال مراسلے کی بنیاد پر کوچہ رسالدار دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب جانب سانحہ کوچہ رسالدار کے 25 شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ۔14 شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ کوہاٹی چوک میں ادا کی گئی ۔

اجتماعی نماز جنازہ علامہ محسن ہمدانی نے پڑھائی۔ 5 افراد کی نماز جنازہ بیرون کوہاٹی گیٹ میں ادا کی گئی جبکہ کینٹ کے رہائشی دو جاں بحق افراد کی نماز جنازہ حسینیہ ہال پشاور میں ادا کی گئی۔ اجتماعی نماز جنازہ شہر بھر سے اہل تشیع نے شرکت کی۔