گھروں کی الاٹمنٹ میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعظم کی ہدایت


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے جمعہ کو ایک سادہ تقریب میں فراش ٹاون اسلام آباد کے کم لاگت اپارٹمنٹس کی قرعہ اندازی کا انعقاد کیا۔وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کے حکومت غریب طبقے کو اپنا گھر خریدنے کے خواب کو پورا کر رہی ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ گھروں کی الاٹمنٹ میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی آبادی اور شہروں کے بے ہنگم پھیلا وکے تدارک کے لیے اونچی عمارتوں کی تعمیر کے ماڈل کو اپنایا جائے۔ فراش ٹاون منصوبہ نیا پاکستان ہاسنگ و ڈویلیپمٹ اتھارٹی اور سی ڈی اے کے اشتراک سے مکمل کیا جا رہا ہے جو کے 2000 کم لاگت اپارٹمنٹس پر مشتمل ہے۔ایک اپارٹمنٹ کی قیمت 32 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جس میں 3 لاکھ روپے حکومت سبسڈی فراہم کرے گی جس کی بدولت فی یونٹ لاگت 29 لاکھ رہ جائے گی۔

غریب اور متوسط طبقے کے لیے اسلام آباد میں اپنا گھر خریدنے کے خواب کو پورا کرنے کے لیے وزیر اعظم کی خصوصی دلچسپی سے یہ منصوبہ مکمل کیا جا رہا ہے۔اپارٹمنٹس کی خرید کے لیے پرایوئٹ بنک آسان اقساط پر قرضے کی سہولت بھی فراہم کر رہے ہیں۔سبسڈی کی بدولت ان اپارٹمنٹس کی ماہانہ قسط 13000 روپے ہوگی جبکہ مارکیٹ ریٹ 38000 روپے بنتی ہے۔