لاہور ( صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی کا کہنا ہے کہ اقبال کا فلسفہ مجموعی طور پر اسلام کے آفاقی نظام کا ترجمان ہے، ان کی شاعری میں خودی کا جو درس ہے وہی دنیا میں ہماری عظمت کا ضامن ہے، افسوس کہ ہمارے حکمران اقبال کے اصل فلسفہ خودی سے کوسوں دور ہیں، نوجوان نسل امت کی عظمت رفتہ کو بحال دیکھنا چاہتی ہے تو اسے اقبال کے پیغام کو سمجھنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال علیہ رحمتہ کے یوم پیدائش پر جاری اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران قائد و اقبال کا پاکستان بنانے کے دعویدار تو بنتے ہیں مگر عملاً اور اصلاً اقبال کے فلسفہ خودی سے کوسوں دور دکھائی دیتے ہیں، کیونکہ اگر وہ اقبال کے فلسفہ و کلام کے حقیقی پیروکار ہوتے تو آج آئی ایم کے در کے بھکاری نہیں بنے ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب جتنی شد و مد کے ساتھ مسلم اُمّہ پر حملہ آور ہے، اس سے بچاؤ اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہماری نوجوان نسل کو اقبال کے فرمودات سے روشناس ہونا ہوگا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اقبالیات کو تعلیمی نصاب کا لازمی جزو بنائے اور اقبالیات کے ماہر اساتذہ خصوصی طور پر بھرتی کیے جائیں تاکہ بچوں کو اذہان کی فکرِ اقبال سے آبیاری یقینی بنائی جاسکے۔