ثقافت کو یاد رکھنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں،عثمان بزدار


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ثقافت اپنی ایک منفرد حیثیت رکھتی ہے، ثقافت کو یاد رکھنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے بلوچ کلچر ڈے پر بلوچ بھائیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ثقافت امن کی ثقافت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے     کی مناسبت سے اپنے بلوچ بھائیوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے منانے کا مقصد محبت، بھائی چارے اور یگانگت کو عام کرنا ہے اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے، اپنی ثقافت کو یاد رکھنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام قومیں ایک لڑی میں پروئی ہوئی ہیں، پاکستان کی دیگر ثقافتوں کی طرح بلوچ کلچر میں بھی محبت اور حب الوطنی کے خدوخال نمایاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ثقافت اپنی ایک منفرد حیثیت رکھتی ہے اور بلوچستان تہذیب و تمدن کا مسکن رہا ہے، بلوچ کلچر ڈے کی طرح دیگر ثقافتوں کے دن بھی بھرپور طریقے سے منائیں گے۔